بھوآنہ بازار کے دکانداروں نے جمہوریت کا بول بالا کردیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران گول الیکٹرونکس بازار کا وفد صدر میاں محمد آصف کی قیادت میں بھوآنہ بازار کے نومنتخب صدر حافظ یحییٰ طارق اور ان کی ٹیم کی شاندار اور تاریخی کامیابی پر انہیں مبارکباد دینے ان کے مرکزی آفس پہنچا’ وفد میں انجمن تاجران گول الیکٹرو نکس بازار کے چیئرمین ملک محمد حنیف’ وائس چیئرمین حاجی محمد یوسف’ جنرل سیکرٹری حاجی بشیر’ نائب صدور میاں طاہر’ میاں ارشد’ میاں شاکر’ میاں عابد’ ذوالفقار احمد’ میاں عمران عرف مٹھا’ شیخ علی شامل تھے’ وفد کے شرکاء نے نومنتخب صدر حافظ یحییٰ طارق کو پھولوں کی مالائیں پہنائیں اور ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں’ اس موقع پر انجمن تاجران گول الیکٹرونکس بازار کے صدر میاں محمد آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھوآنہ بازار کے دکانداروں نے جمہوریت کا بول بالا کیا ہے اور صاف اور شفاف الیکشن کروا کر دوسرے بازار کے خودساختہ عہدیداروں کیلئے مثال قائم کی ہے’ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ باقی سات بازاروں اور ان سے ملحقہ گول بازاروں اور گلیوںکے بھی الیکشن کروائے جائیں اور وہاں بھی ووٹ کی طاقت سے منتخب قیادت سامنے آئے’ جب آٹھ بازاروں میں منتخب قیادت ہو گی اور تمام تاجر گروپ ختم ہو جائیں گے تو تاجروں میں اتحاد اور اتفاق پیدا ہوگا اور پھر ہم اس قابل ہو جائیں گے کہ اپنے مفادات کا تحفظ کر سکیں’ اگر آٹھ بازاروں سے تاجروں کی ایک مضبوط آواز اٹھے گی تو ہماری ہر فورم پر شنوائی ہو گی ورنہ جس طرح آج تاجر بے توقیر ہو رہا ہے مستقبل میں بھی یہ سلسلہ چلتا رہے گا’ اس موقع پر نومنتخب صدر بھوانہ بازار حافظ یحییٰ طارق نے کہا کہ میرا مشن ہے کہ آٹھ بازاروں میں الیکشن کے ذریعے منتخب کابینہ آئے اور سلیکشن کو خیرباد کہہ دیا جائے’ اس کیلئے ہم سب کوششیں کر رہے ہیں انشاء اللہ ہماری کوششیں رنگ لائیں گی’ انہوں نے انجمن تاجران گول الیکٹرونکس بازار کے وفد کی آمد کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے آ کر ہمارا مان بڑھایا ہے’ مجھے آپ جیسے مخلص دوستوں کی بہت ضرورت ہے جو سلیکشن نہیں الیکشن چاہتے ہیں’ انہوں نے کہا کہ میری پوری کوشش ہو گی کہ آئندہ چار سالوں میں پوری محنت اور لگن سے کام کروں ‘ انشاء اللہ میں بھوآنہ بازار کے دکانداروں کی امیدوں پر پورا اتروں گا اور ان کی امنگوں کے مطابق مسائل حل کرائوں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں