فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کے چیئر مین رانا طیب خاں،وائس چیئر مین شیخ محسن خالد، جنرل سیکر ٹری حافظ عبد القیوم ،سرپرست اعلیٰ حاجی منظور قادر،میاں عبدالمجید،سینئر نائب صدر شیخ شکیل احمد،نائب صدر محمد بلال لیاقت ،سیکر ٹری نشرو اشاعت فیصل پراچہ ،جوائنٹ سیکر ٹری رانا محمد زبیر ،فنانس سیکر ٹری ملک محفوظ اور دیگر نے پاک فوج اور آرمی چیف کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پوری تاجر برادری مادرِ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی افواجِ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں تاجر طبقہ اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ تاجر رہنماں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے تمام ناپاک عزائم کو ملکی دفاعی اداروں اور عوام کی آہنی وحدت سے ہی ناکام بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے موجودہ سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں آرمی چیف کی جرات مندانہ قیادت، بروقت فیصلوں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف اٹھائے جانے والے پرعزم اقدامات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے کڑے وقت میں جس بے باکی اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے، وہ پوری قوم بالخصوص کاروباری طبقے کے لیے باعثِ اطمینان اور حوصلہ ہے۔تاجر نمائندگان نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کا معاشی پہیہ امن اور سکیورٹی کی مضبوط بنیادوں پر ہی چل سکتا ہے۔ پاک فوج نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور اندرونی استحکام کے لیے جو لاثانی قربانیاں دی ہیں، تاجر برادری ان کی دل سے قدر کرتی ہے۔




