فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تجاوزات کیخلاف آپریشن’ پنجاب میں محترمہ عظمت فردوس بازی لے گئیں’ شہری حلقوں کا خراج تحسین۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں پنجاب میں انسداد تجاوزات آپریشنز جاری ہیں، اس حوالے سے صوبہ کے تمام شہروں اور اضلاع میں سروے ہوا جس میں صوبہ بھر میں ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محترمہ عظمت فردوس پہلے نمبر پر رہیں جس پر پنجاب حکومت کی جانب سے انہیں شاباش اور شہری حلقوں کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ محترمہ عظمت فردوس نے جس بہادری سے تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا وہ ایک مثال ہے۔ انہوں نے اس جگہ اور علاقوں میں بھی آپریشن کیا جہاں رکاوٹیں تھیں اور شدید دبائو تھا، بہترین کام کرنے پر سول سوسائٹی کی جانب سے انہیں آئرن لیڈی کا خطاب دیا گیا۔ ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور نے بھی ان کے کام کو بہترین قرار دیا تھا، بلاشبہ ان کی بہترین کارکردگی کا کریڈٹ ڈویژنل کمشنر /ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محترمہ مسرت جبیں’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سی او میونسپل کارپوریشن محمد مرتضیٰ ملک کو جاتا ہے جو اس کام میں ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے محترمہ عظمت فردوس کو اسی طرح کام جاری رکھنے کا حکم دیا ہے جو ان کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے۔




