تجاوزات کے خاتمے کیلئے موثر کارروائی عمل میں لائی جائے

سرگودھا(بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری نے ستھرا پنجاب کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے مختلف دیہی و شہری آبادیوں کا اچانک دورہ کیا۔ چک نمبر89 شمالی میں صفائی کی صورتحال غیر تسلی بخش پائی گئی جبکہ ستھرا پنجاب ایجنسی کا صفائی عملہ بھی علاقے میں موجود نہیں تھا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صفائی کے انتظامات فوری بہتر بنانے اور فیلڈ عملے کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے استقلال آباد اور ملحقہ علاقوں میں صفائی ستھرائی، ڈور ٹو ڈور گاربیج کلیکشن اور سڑکوں کے اطراف صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے صفائی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے اور کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے۔ انہوں نے سڑکوں کے اطراف موجود کوڑے کے ڈھیروں، مٹی ، روڑے، تعمیراتی ملبے اور دیگر غیر ضروری مواد کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سڑکوں کے اطراف صفائی اور کلیئرنس کے ساتھ تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آمدورفت میں مشکلات پیدا نہ ہوں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل / ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی سروسز محمد اکمل، متعلقہ ضلعی و تحصیل منیجرز اور فیلڈ عملہ بھی موجود تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں صفائی آپریشن کی مؤثر نگرانی کی جائے اور عملے کی حاضری و کارکردگی کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے معاملات میں غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی کے انتظامات کی نگرانی کریں اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت مقررہ معیار کے مطابق صفائی یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں