فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام تحصیل صدر میں سٹیم کمپیٹیشن 2026ء کے تحت سائنسی ماڈلز کے مقابلے گورنمنٹ پرائمری سکول246ر ب ککڑ والا میں منعقد ہوئے، جن میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن رائو عبدالکریم، مسلم لیگ (ن)کے ٹکٹ ہولڈر میاں قاسم فاروق، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل (ایلیمنٹری)محمد ذاکر اور چیئرمین پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب رانا شاہد مقرب نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل صدر نور حسن، چیئرمین ایجوکیشن رائٹس کمیشن محمد اسلم بٹ، محمد فدا حسین، گلزار احمد، مرزا ذوالفقار، چوہدری نواز گجر، مصعب جاوید، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز، سیاسی و سماجی شخصیات، والدین اور سینکڑوں طلبہ بھی موجود تھے۔مقابلوں میں مختلف سکولوں کے طلبہ نے 100 سے زائد سائنسی ماڈلز اور تخلیقی منصوبے پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ اور اساتذہ میں شیلڈز، نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن را عبدالکریم نے کہا کہ STEAM Competition-2026 طلبہ کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی کے شعبوں میں تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے، عملی تجربات کرنے اور جدید مسائل کے حل تلاش کرنے کا بہترین موقع فراہم کر رہا ہے۔ پنجاب حکومت کا محکمہ سکول ایجوکیشن طلبہ کو روایتی تعلیم کے ساتھ عملی علم، تحقیق اور جدت کی جانب راغب کرنے کے لیے موثر اقدامات کر رہا ہے۔تقریب میں شریک سکول کونسل کے نمائندوں اور اہل علاقہ کی سیاسی و سماجی شخصیات نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کو شاندار پروگرام کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں پہلی مرتبہ اس نوعیت کے سائنسی مقابلوں کا انعقاد طلبہ کے لیے انتہائی خوش آئند ہے۔ ایسے پروگرام بچوں میں تحقیق، تخلیقی سوچ اور سائنسی رجحان کو فروغ دینے کے ساتھ تعلیمی میدان میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنیں گے۔




