فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے جاری ترقیاتی سکیموں پر تعمیرا تی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے ثمرات شہریو ں تک پہنچ سکیں۔ڈویلپمنٹ پراگریس ریویو میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے سی ایم پیکج کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری سکیموں پر تعمیراتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی تاکید کی۔ ایم ڈی واسا نے سکیموں کی تکمیل میں تاخیر کا باعث بننے والے کنٹریکٹر کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی اور واضح کیا کہ جاری ترقیاتی سکیموں کی تکمیل پر تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت سکیموں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ ان کے ثمرات عوام تک بروقت پہنچ سکیں۔ ایم ڈی واسا نے کنسلٹنٹ ایجنسی کو بھی اپنے امور میں مزید بہتری لانے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ شعیب ضیا، ڈائریکٹر کنسٹرکشن ایسٹ مقبول احمد سنبپال، ٹیکنیکل حیات رندھاوا، ڈپٹی ڈائریکٹر کنسٹرکشن فرقان حیر، ڈپٹی ڈائریکٹر سانول ملک و کنسلٹنٹ ایجنسی کے نمائندگان موجود تھے۔




