سرگودھا(بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرصدارت ڈویژن بھر میں اون سورس فنڈنگ کے تحت مجوزہ ترقیاتی سکیموں کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ محکموں کے سربراہان، ترقیاتی اداروں کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مختلف اضلاع میں عوامی فلاح و بہبود، انفراسٹرکچر کی بہتری، سیوریج، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مجوزہ ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے ہر سکیم کی فزیبلٹی، تخمینہ لاگت، دستیاب وسائل، ترجیحات اور متوقع ٹائم لائن بارے بریفنگ دی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی عمل کو مزید موثر بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، اس لیے تمام محکمے باہمی رابطے کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تیاری اور تکمیل یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اون سورس فنڈنگ کے تحت شامل کی جانے والی سکیموں میں عوامی ضرورت، شفافیت، افادیت اور پائیداری کو اولین ترجیح دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے ایسے ہونے چاہئیں جن کے ثمرات براہ راست عام شہریوں تک پہنچیں اور شہری و دیہی علاقوں میں یکساں ترقی کو فروغ ملے۔ کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ تمام اضلاع اپنی مجوزہ سکیموں کو جلد از جلد حتمی شکل دے کر متعلقہ فورمز کو ارسال کریں تاکہ منظوری کے بعد ان پر عملی کام کا آغاز بروقت ممکن بنایا جا سکے۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، فنڈز کے شفاف استعمال اور معیار برقرار رکھنے کے امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا جبکہ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ ہر منصوبے کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ مقررہ مدت میں معیاری تکمیل ممکن ہو سکے۔




