ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کیلئے سخت شرائط عائد

اسلام آباد (بیوروچیف) نیا مالی سال شروع ہوتے ہی ترقیاتی فنڈز کے اجرا کیلئے سخت شرائط عائد کر دیں،وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پی ایس ڈی پی کے تحت فنڈزچارسہ ماہی اقساط میں جاری ہوں گے، غیرملکی ادائیگیوں کیلئے وزارت خزانہ سے پیشگی منظوری لازمی قراردیدی گئی،رواں مالی سال میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک ہزارارب روپے رکھے گئے ہیں،چاراقساط میں فنڈز کی ادائیگی کی حد اورطریقہ کارطیکردیاگیا،کسی وزارت یا ڈویژن کو مقررہ حد سے ایک روپیہ بھی زیادہ نہیں ملے گا ۔نوٹیفکیشن کیمطابق پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی فنڈز، 4 سہ ماہی اقساط میں دیئے جائیں گے،رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں صرف 15فیصد اوردوسری میں 20 فیصد فنڈز جاری ہوں گے،تیسری سہ ماہی میں 25 فیصد اور چوتھی سہ ماہی میں سب سے زیادہ 40 فیصدفنڈز ملیں گے،ہر ترقیاتی منصوبے کے لئے علیحدہ اسائنمنٹ اکائونٹ کھولا جائے گا۔وزارت خزانہ کی طے کردہ حکمت عملی کے مطابق منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز منصوبہ بندی ڈویژن جاری کریگا،فنڈز کی تقسیم منظور شدہ بجٹ کی حد کے اندر ہی کی جائے گی،طے شدہ حد سے زیادہ ادائیگی وزارت خزانہ کی اجازت کے بغیر نہیں ہو سکے گی ۔ غیرملکی ادائیگیوں کیلئے وزارت خزانہ کی پیشگی منظوری لینا ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں