ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کے تحت ضلع بھر میں گرانفروشی کیخلاف پرائس کنٹرول کارروائیاں جاری ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ مجاہد عباس کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی گزشتہ ہفتے کی کارکردگی، اشیائے ضروریہ کے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد اور گرانفروشی کے خلاف کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے ضلع بھر میں دسہزار175انسپیکشنز کی گئیں، جبکہ گرانفروشی اور مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔روٹی کی مقررہ قیمت پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے کارروائیوں کے دوران گرانفروشی پر 16 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ بیکری بریڈ کی مقررہ قیمت کی خلاف ورزی پر 2ہزار 500روپے جرمانہ کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ مجاہد عباس نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور اشیائے ضروریہ، روٹی اور بیکری مصنوعات کے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد کیلئے موثر نگرانی جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے گرانفروشی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔




