کمالیہ(نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزاد ی نے چیف آفیسر علی رضا کے ہمراہ شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی و تزئینی کاموں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ماڈل اقبال بازار، جناح پارک اور کرکٹ ایرینا سمیت اہم عوامی منصوبوں پر پیش رفت کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران نے اسسٹنٹ کمشنر کو جاری کاموں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے منصوبوں کی تکمیل کے مراحل سے آگاہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے منصوبوں پر جاری کام کے معیار، رفتار اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جدید اور بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ حکومت شہریوں کو بہترین تفریحی اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ، جبکہ شہر کی خوبصورتی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے جاری منصوبے اہم کردار ادا کریں گے ۔ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی غفلت، ناقص میٹریل یا غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی ۔




