فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر فیصل آباد محترمہ مسرت جبیں سے نیوز ایڈیٹر ”ڈیلی بزنس رپورٹ” ریاض ملک کی ملاقات’ شہر میں ترقیاتی کاموں اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا’ اس موقع پر سینیٹر چوہدری عابد شیر علی’ مسلم لیگی رہنما چوہدری عمران شیر علی اور ناصر بٹ بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق نیوز ایڈیٹر ”ڈیلی بزنس رپورٹ” ریاض ملک نے شہر میں ترقیاتی کاموں میں غیر معیاری میٹریل کے استعمال کے حوالے سے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد شہر میں جن ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے یا جن کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ ان کا معیار انتہائی ناقص ہے، زیادہ تر منصوبوں میں ٹھیکیدار غیر معیاری میٹریل استعمال کر رہے ہیں جس کے باعث قومی خزانہ کا ضیاع ہو رہا، چھوٹی ڈی گرائونڈ کی تعمیر کی جانیوالی سڑک میں بھی ٹھیکیدار نے انتہائی ناقص میٹریل استعمال کیا جس کے باعث سڑک کی تعمیر کے چند روز بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی جس پر ڈویژنل کمشنر مسرت جبیں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، ترقیاتی کاموں کا خود وزٹ کروں گی، غیر معیاری میٹریل استعمال کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی ڈی گرائونڈ کی سڑک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائیگا۔ ٹھیکیدار کو جرمانہ اور اس سے سڑک دوبارہ تعمیر کرائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں، افسران کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ شہریوں کے مسائل حل کریں۔ اس موقع پر چوہدری عابد شیر علی نے ڈویژنل کمشنر مسرت جبیں کو مشورہ دیا کہ فیصل آباد میں آئی ٹی یونیورسٹی بنائی جائے’ سمندری روڈ کو بہتر بنایا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کا معیار بہتر بنایا جائے۔




