سرگودھا(بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیرصدارت ڈویژن بھر میں کالج سیکٹر کی جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، فنڈز کے استعمال اور مقررہ اہداف کے حصول کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایس ای بلڈنگز اور ڈائریکٹر کالجز نے ڈویڑن کے سرکاری کالجوں میں جاری ترقیاتی سکیموں، تعمیراتی کاموں اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر کو منصوبوں کی تکمیل کی شرح، ٹائم لائن اور معیارِ تعمیر سے متعلق آگاہ کیا گیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی رکاوٹ کو فوری طور پر دور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے انفراسٹرکچر کی بہتری حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور کالجوں میں جدید سہولیات کی فراہمی سے اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کرنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔




