لاہور (بیوروچیف) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تمام تعلیمی ادارے24اگست تک بند رکھنے کا حکم دیتے ہوئے وقت سے پہلے کھولنے پر انتظامیہ کو سخت انتباہ جاری کردیا۔پنجاب کے صوبائی وزیر تعلیم نے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں 24 اگست سے پہلے اسکول کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی۔رانا سکندر حیات کے مطابق طلبہ کے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے ایک ماہ کے لرننگ کیمپس لگانے کی اجازت دی گئی تھی، جن کا مقصد طلبہ کے سیکھنے کے نقصان کو پورا کرنا تھا۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ لرننگ کیمپس کا مقصد باقاعدہ تعلیمی سال کا آغاز کرنا نہیں بلکہ طلبہ کو ہونے والے تعلیمی نقصان کا ازالہ کرنا تھا۔انہوں نے واضح کیا کہ 24 اگست سے قبل کلاسز کے آغاز سے متعلق زیرِ گردش خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسکول انتظامیہ حکومتی احکامات کی مکمل پابندی کرے اور طلبہ کو گرمیوں کی تعطیلات کا مقررہ دورانیہ فراہم کیا جائے۔انہوں نے اسکول مالکان اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ شیڈول پر سختی سے عمل کریں اور 24 اگست سے قبل معمول کی تدریسی سرگرمیاں شروع نہ کریں۔حکومتِ پنجاب نے والدین اور طلبہ کو بھی خبردار کیا ہے کہ اسکولوں کے دوبارہ کھلنے سے متعلق غیرمصدقہ اطلاعات پر توجہ نہ دیں اور صرف حکومت کی جانب سے جاری کردہ سرکاری شیڈول کو ہی حتمی سمجھیں۔




