تعلیمی بورڈ فیصل آباد میں اہم فیصلوں کی منظوری

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے بورڈ آف گورنرز کا 200واں اجلاس چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر رانا بن یامین کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں بورڈ کے معزز اراکین سمیت سیکشن آفیسر (بورڈز) ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب محمد تابش نصیر، ڈپٹی سیکرٹری فنانس ڈیپار ٹمنٹ پنجاب حسن طارق، ڈائریکٹر ایجوکیشن (کالجز) ، چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن اور سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے شرکت کی۔اجلاس میں طلبہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی، ملازمین کی فلاح و بہبود اور انتظامی امور میں شفافیت کے حوالے سے متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں 199ویں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے منٹس کی باقاعدہ توثیق کی گئی جبکہ پوزیشن ہولڈرز کے نقد انعامات میں اضافہ،تمام امتحانی مراکز کے لیے جدید ڈیجیٹل اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنے کی منظوری دی گئی، جس کا مقصد امتحانی عمل میں شفافیت اور انتظامی نگرانی کو مزید موثر بنانا ہے۔ طلبہ کی سہولت کے لیے فیس ریفنڈ کا باقاعدہ اور آسان طریقہ کار، کھیلوں اور غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے (IBCC ) کھیلوں کے قوانین 2023 کو اپنانے اور نافذ کرنے مسیحی ملازمین کے لیے کرسمس گرانٹ میں اضافے، مخصوص ملازمین کے کنٹریکٹس میں توسیع اور پروموشن کمیٹی کی سفارشات کی بھی باقاعدہ منظوری دے دی۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ فیصل آباد بورڈ میرٹ، شفافیت، جدید انتظامی نظام اور تعلیمی برادری کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کاوشیں مزید جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں