تعلیمی وظائف مستحق طلبہ کو تعلیم بلاتعطل جاری رکھنے میں مدد فراہم کرینگے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اقلیتی برادری کے طلباکو تعلیم کے مساوی مواقع اور مالی معاونت کی فراہمی کے لیے محکمہ انسانی حقوق و امورِ اقلیت پنجاب کے زیرِ اہتمام ڈپٹی کمشنر آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے 27ہونہار اور مستحق طلبامیں تعلیمی وظائف کے چیک تقسیم کیے۔ اس موقع پر طلباکے والدین بھی موجود تھے۔حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق انٹرمیڈیٹ کے طلباکو فی کس 40ہزار روپے، بیچلر پروگرام کے طلباکو 60 ہزار روپے جبکہ ماسٹرز کے طلباکو فی کس ایک لاکھ روپے کے تعلیمی وظائف فراہم کیے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب اقلیتی طلباکی تعلیمی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور مالی مشکلات کسی بھی باصلاحیت طالب علم کی تعلیم میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ تعلیمی وظائف مستحق طلباکو اپنی تعلیم بلا تعطل جاری رکھنے میں مدد فراہم کریں گے اور انہیں مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں