تعمیراتی میٹریل فوری طور پر سڑکوں سے ہٹایا جائے،ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا

سرگودھا(بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور”ستھرا پنجاب”پروگرام کے تحت جاری صفائی ستھرائی، حالیہ بارشوں کے بعد نکاسی آب اور شہری سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن احمد بلال، ڈسٹرکٹ منیجر ستھرا پنجاب اتھارٹی راجہ شعیب بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے گول چوک، شاہین چو ک، بلاک نمبر 12، عیدگاہ روڈ، پرانی سبزی منڈی، اقبال کالونی، بلاک نمبر 33، پرانا پل اسلام پورہ، سٹیلائٹ ٹاون اور ظفراللہ چوک سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے صفائی ستھرائی، سڑکوں کی حالت اور حالیہ بارش کے بعد نکاسی آب کے بعد اقدامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسر ان کو ہدایت کی کہ تمام علاقوں میں صفائی کا معیار مزید بہتر بنایا جائے۔ بعض مقامات پر تعمیراتی مٹیریل عوامی گزرگاہوں پر موجود ہونے پر ڈپٹی کمشنر نے برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سی او ایم سی کو ہدایت کی کہ تعمیراتی مٹیریل فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی کمشنر نے شہر میں حال ہی میں تعمیر کیے گئے نئے مین ہولز کا بھی معائینہ کیا۔ انہوں نے بعض مقامات پر مین ہولز پر حفاظتی ڈھکن نصب نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر تمام کھلے مین ہولز کور کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ ”ستھرا پنجاب” پروگرام کے اہداف کے حصول، شہر کی خوبصورتی، صفائی کے اعلیٰ معیار اور شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت یا لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں