کراچی (شوبز نیوز) پاکستانی اداکارہ لیلیٰ نے انکشاف کیا ہے کہ ریئلٹی شو تماشا میں شرکت کے لیے ٹرافی اور انعامی رقم جیتنے کا موقع، ساتھ ہی اپنے کیریئر کو دوبارہ زندہ کرنے کی خواہش ان کے لیے اہم محرک بنی۔اداکارہ نے بتایا کہ جب انہیں شو اور اس میں جیتنے والے انعام کے بارے میں معلوم ہوا تو انہوں نے اس میں شرکت کرنے پر غور شروع کیا۔ اس حوالے سے انہوں نے اپنی ساتھی اداکارہ میرا سے بھی مشورہ کیا، جنہوں نے انہیں شو میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔لیلیٰ کے مطابق وہ پورا سال اس موقع کا انتظار کرتی رہیں اور باقاعدگی سے شو کی انتظامیہ سے رابطہ کرتی رہیں۔ شو شروع ہونے سے تقریبا ایک ماہ قبل انہیں بالآخر کال موصول ہوئی، جس کے بعد انہوں نے اپنی شرائط پر بات چیت کی اور شرکت کی تصدیق کردی۔اداکارہ کے لیے اس شو میں شرکت محض انعامی رقم حاصل کرنے تک محدود نہیں تھی۔ طویل عرصے تک باقاعدہ کام سے دور رہنے کے بعد وہ دوبارہ شوبز کی دنیا میں نمایاں ہونا چاہتی تھیں اور نئی نسل کے ناظرین سے اپنا تعارف کروانا چاہتی تھیں، جو شاید ان کے سابقہ کیریئر سے واقف نہیں تھے۔لیلیٰ کا ماننا ہے کہ تماشا میں شرکت نے انہیں عوام سے دوبارہ جڑنے اور ناظرین کے دلوں میں جگہ بنانے کا موقع دیا۔دوسری جانب اداکارہ میرا نے بھی لیلی کی حمایت کرتے ہوئے مداحوں سے انہیں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ میرا نے لیلی کی محنت اور عزم کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔




