تمام صوبوں کے لوگوں کی خدمت کرنا چاہتی ہوں،مریم نواز

لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں معیارِ تعلیم بہتر بنانے، اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی اداروں میں جدید نصاب کے فروغ کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیاآکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد نے پنجاب میں معیارِ تعلیم کی بہتری کے لیے وزیراعلی مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے نواز شریف سکول آف ایمیننس پراجیکٹ کو قابلِ تحسین قرار دیا۔وفد نے فروغِ تعلیم کے لیے پنجاب حکومت کو بھرپور تعاون کی پیشکش کی، جس کا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خیرمقدم کیا، ملاقات میں نواز شریف سکول آف ایمیننس میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے نصاب کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے پنجاب کے اساتذہ کے لیے ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرام، کیپسٹی بلڈنگ، ٹیچنگ گائیڈ اور دیگر تعلیمی امور میں معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی۔وفد نے نواز شریف سکول آف ایمیننس کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکول کا تعلیمی معیار حیران کن حد تک اعلی ہے، وفد نے جدید تعلیمی سہولیات اور معیارِ تعلیم کی بہتری کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ اور دیگر صوبوں کے لوگوں کی بھی خدمت کرنا چاہتی ہیں، کراچی اور سندھ کے لوگوں کی پریشانی بھی وہ دل سے محسوس کرتی ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب لوگ سرکاری سکولوں میں داخلوں کے لیے کوشاں نظر آتے ہیں، نواز شریف سکول آف ایمیننس میں داخلے کے لیے ہزاروں طلبہ کی انٹری ٹیسٹ میں شرکت عوام کے سرکاری تعلیمی اداروں پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے ساتھ تعاون سے اساتذہ کی تربیت اور طلبہ کے لیے جدید تعلیمی مواقع میں مزید بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں