سرگودھا(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے سلسلے میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے وفد نے سرگودھا کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت صوبائی خطیب پنجاب و چیئرمین اتحاد بین المسلمین کمیٹی محکمہ اوقاف مولانا مختار احمد ندیم نے کی۔ ڈویژنل انتظامیہ کے زیر اہتمام اتحاد بین المسلمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی، ریجنل پولیس آفیسر شہزاد آصف خان، ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری، ڈپٹی کمشنرز خوشاب، میانوالی اور بھکر، متعلقہ اضلاع کے ڈی پی اوز سمیت دیگر اعلیٰ انتظامی و پولیس افسران نے شرکت کی۔ وفد میں ڈاکٹر مفتی کریم خان، مولانا محمد ارشد عابدی، مفتی مسعود الرحمان، مولانا ندیم شمس، مولانا نصراللہ خان، مفتی محمد شرافت، مولانا محمد جواد مخلصی، مفتی عطاء المصطفیٰ اور علامہ سکندر حیات و دیگر شامل تھے۔ کانفرنس میں ڈویڑن بھر سے مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کرام، مشائخ عظام، مذہبی رہنماؤں اور امن کمیٹیوں کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ زونل خطیب مولانا قاری وقار عثمانی نے سپاسنامہ پیش کیا اور محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے علماء کرام اور انتظامیہ کے مشترکہ کردار کو اجاگر کیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مختار احمد ندیم نے کہا کہ رسول اکرمۖ کی ذات اقدس امت مسلمہ کے اتحاد کا مرکز ہے۔




