گوجرہ (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت تحصیل گوجرہ میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ اسی سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے گوجرہ کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف جاری سکیمو ں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری ریاض گجر اور چیف آفیسر یاسر شاہ نے انہیں منصوبوں پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے علی اصغر پارک کی بحالی، جدید باسکٹ بال گراؤنڈ، نئی سیوریج لائن، سلاٹر ہاؤس گوجرہ، سبزی منڈی گوجرہ، نئے رکشہ اسٹینڈ، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور زیر تعمیر سہولت بازار کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ جلد مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر نکاسی آب، صاف ستھرا ماحول، سفری سہولت اور سستی اشیائے ضروریہ میسر آ سکیں۔ ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے کہا کہ فیلڈ وزٹ کا مقصد ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل یقینی بنانا ہے۔




