فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)عالمی یومِ انسدادِ تمباکو نوشی کے موقع پر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے نیورو سرجن پروفیسر ڈاکٹر ناظر حسین نے کہاکہ تمباکو کے صحت پر مضر اثرات کی وجوہات سامنے آئے تقریباً چار صدیاں گزر چکی ہیں۔ کئی دہائیو ں سے سائنسی اور طبی برادری اس بات پر متفق ہے کہ تمباکو سے بنی مصنوعات انسانی صحت اور معیشت دونوں کے لیے سنگین خطرات کا باعث ہیں۔ دنیا بھر میں مختلف حکومتوں نے سول سوسائٹی کے تعاون سے قوانین و ضوابط اور آگاہی مہمات کے ذریعے تمباکو کے استعمال میں کمی لانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ اس کے باوجود تمباکو آج بھی عالمی سطح پر، بشمول پاکستان، عوامی صحت اور معاشی بہبود کے لیے ایک بڑا خطرہ بنا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی ادار صحت (WHO) کے مطابق تمباکو ہر سال دنیا بھر میں 70 لاکھ سے زائد اموات کا سبب بنتا ہے، جن میں تقریباً 16 لاکھ اموات بالواسطہ تمباکو نوشی (Secondـhand Smoke) کے نتیجے میں ہوتی ہیں۔




