فیصل آباد(سٹاف رپورٹر )سی پی او نے تھانے آئے شہری کو گالم گلوچ، سنگین نتائج کی دھمکیاں اور ناروا سلوک کرنے پر ایس ایچ او تھانہ بٹالہ کالونی ظہیر گل کیخلاف انکوائری کا حکم دیدیا۔ایس پی اقبال ٹائون سے رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیل کے مطابق عبداللہ پور گلی نمبر9کے رہائشی سبطین طالب عرف عابد بٹ ولد طالب حسین نے سی پی او تنویر حسین کو درخواست گزراتے ہوئے بتایا کہ اس نے ماسٹر موبائل کے نام سے ڈی گرائونڈ بزنس سنٹر میں دکان بنا رکھی ہے۔ وہ اپنے ملازمین عمر اکبر، عبدالرحمن کے ساتھ گاہکوں کو ڈیل کر رہا تھا کہ رانا حسن جاوید، حنظلہ وغیرہ اس کی شاپ پر آئے اس کے ملازم عمر کو پکڑ کر کھینچا تانی ، ہراساں کرتے ہوئے دکان سے باہر لے آئے۔ اس دوران کانسٹیبل جس کی یونیفارم پر نہ تو نام تھا اور نہ ہی بیلٹ نمبر آویزاں تھا آیا اور ملازم عمر اکبر کو پکڑ کر تھانہ بٹالہ کالونی لے آیا وہ کام سے فارغ ہو کراپنے دوستوںکے ہمراہ تھانہ آیا اور ایس ایچ او بٹالہ کالونی ظہیر گل سے ملاقات کر کے بتایا کہ آپ کے ماتحت نامعلوم کانسٹیبل ، اے ایس آئی ےٰسین وغیرہ اس کی دکان سے ملازم عمر اکبرکو کھینچ کرلایا ہے اس بارے میں معلومات دیں کہ کس جرم میں لائے ہیں اور ان کو وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دکھائیں جس پر ایس ایچ او ظہیرگل نے سائل کیساتھ گالم گلوچ شروع کر دی اور کہا کہ تھانے سے نکل جائو اور سائل کیساتھ بدتمیزی اور ناروا سلوک کیا۔اور عمر اکبر کو دکان سے زبردستی اٹھا کرغیر قانونی تحویل میں رکھنے کے بارے میں کسی قسم کی معلومات دینے کو تیار نہیں ہیں ،جس پر سی پی او نے ایس پی اقبال ٹائون سعید احمد کو انکوائری کر کے رپورٹ طلب کر لی۔




