LPG کی بڑی کھیپ کی پاکستان آمد خوش آئند ہے (اداریہ)

پاکستان میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے’ صنعتی سرگرمیوں کو مستحکم رکھنے او رعوام کو ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے ایل پی جی کی پندرہ ہزار میٹرک ٹن کی ریکارڈ کھیپ کی آمد ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس بڑی کھیپ کی پاکستان آمد سے ایل پی جی کی دستیابی میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے، جو گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ تجارتی اور صنعتی شعبوں کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہے۔ توانائی کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کا بنیادی جزو ہے اور اس کی مسلسل فراہمی عوامی زندگی سے لے کر قومی پیداوار تک ہر شعبے پر اثرانداز ہوتی ہے۔ ایسے میں ایندھن کی دستیابی بہتر بنانے کے اقدامات کو ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ مائع پٹرولیم گیس’ جسے عام طور پر ایل پی جی کہا جاتا ہے، پاکستان میں توانائی کے اہم ذرائع میں شامل ہے۔ ملک کے بہت سے علاقوں میں گھریلو ضروریات پوری کرنے کیلئے اس گیس کا استعمال کیا جاتا ہے، خصوصاً وہاں پائپ لائن کے ذریعے قدرتی گیس کی فراہمی ممکن نہیں یا محدود ہے۔ سرد موسم میں اس کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے، کیونکہ کھانا پکانے اور دیگر گھریلو ضروریات کے لیے ایندھن کی طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس تناظر میں پندرہ ہزار میٹرک ٹن کی بڑی کھیپ کی آمد رسد کے نظام کو بہتر بنانے اور مارکیٹ میں دستیابی برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی کھیپ ہے جو کراچی کی پورٹ قاسم بندرگاہ پر اینگرو ووپاک ٹرمینل لمیٹڈ (ای وی ٹی ایل) پر لنگرانداز ہوئی۔ نئی ایل پی جی گائیڈ لائنز کے تحت یہ پہلی بڑی درآمد ہے، جس کا مقصد عوام کو ایل پی جی کی مناسب قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانا ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی گزرگاہوں پر تجارتی سرگرمیاں متاثر ہونے کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سے گھریلو صارفین’ ہوٹل مالکان اور ڈسٹری بیوٹرز مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ ملک میں ایل پی جی کی درآمد میں تعطل سے مائع پیٹرولیم گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، توقع ہے کہ آئندہ ہفتوں میں مزید کھیپیں بھی درآمد کی جائیں گی، جس سے اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر ہو گی، قیمتیں زیادہ مناسب سطح پر آنے میں مدد ملے گی اور ملک بھر میں سپلائی کا نظام مضبوط ہو گا۔ اس سلسلے میں توانائی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کو ایل پی جی سمیت مختلف ایندھوں کی دستیابی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مقامی وسائل سے استفادہ’ قابل تجدید توانائی کے فروغ اور توانائی کے مؤثر استعمال پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ ایل پی جی کی پندرہ ہزار میٹرک ٹن کی ریکارڈ کھیپ کی آمد کو ایک اہم موقع سمجھتے ہوئے مستقبل کی ضروریات کے مطابق جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس حکمت عملی میں طلب کا درست اندازہ’ مناسب ذخائر’ درآمدی ذرائع میں تنوع’ بندرگاہوں پر تیز رفتار کارروائی اور ملک بھر میں مؤثر تقسیم کو شامل کیا جانا چاہیے۔ نجی شعبے اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون سے بھی رسد کے نظام کو زیادہ قابل اعتماد بنایا جا سکتا ہے۔ ایل پی جی کی بڑی کھیپ کی پاکستان آمد توانائی کی ضروریات پوری کرنے کی جانب ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس اضافی رسد کو عوامی سہولت’ قیمتوں میں استحکام اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں تبدیل کیا جائے، بروقت نگرانی’ شفاف تقسیم اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے ذریعے اس اقدام کے مثبت نتائج کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ توانائی کی مسلسل اور مناسب قیمت پر فراہمی سے عوام کے لیے آسانی پیدا ہو گی اور اس سے صنعتی ترقی’ کاروباری استحکام او قومی معیشت کی مضبوطی میں بھی بڑی مدد ملے گی جو کہ یقینی طور پر ایک نہایت مناسب اقدام ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں