تیز رفتار بس الٹنے سے10مسافر جاں بحق،31زخمی

راجن پور (نامہ نگار) راجن پور میں انڈس ہائی وے بنگلہ ہدایت کے قریب کراچی سے ڈیرہ غازی خان جانے والی مسافر بس زیرِ تعمیر سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ 8مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 31زخمی ہوئے۔ریسکیو کے مطابق 2افراد دورانِ علاج دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 10ہو گئی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے 19زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا جبکہ 12معمولی زخمیوں کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔ حادثے میں خواتین اور بچے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ریسکیو ٹیم نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کوسپتال منتقل کر دیا ہے۔ وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی مسافروں کے بہترین علاج کا حکم دیدیا۔مریم نواز نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کی۔ وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے حاد ثے کے ذمے داروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کر دی۔انہوں نے ارباب اختیار کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے فوری اور موثر اقدامات کر بروئے کار لائیں تاکہ آئندہ ایسے ٹریفک کے حادثات رونما نہ ہو سکیں اور قیمتی جانوں کے ضیاع سے بھی محفوظ رہا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں