تیز رفتار دو ٹرکوں میں خوفناک تصادم،10سالہ لڑکا جاں بحق،باپ اور کزن زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چک جھمرہ کے علاقہ 103 ج ب برنالہ کے قریب تیز رفتاری کے باعث دو ٹرکوں میں خوفناک تصادم’ کیبن میں پھنس کر 10سالہ لڑکا جاں بحق’ باپ اور کزن بری طرح زخمی ہو گئے’ ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر نعش پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چنیوٹ کا رہائشی 50سالہ صغیر احمد ولد نصیر احمد اپنے 10سالہ بیٹے مسرور ولد صغیر احمد اور بھتیجے 17سالہ عبداﷲ ولد صفدر اقبال سکنہ بھلوال کے ہمراہ ٹرک میں سامان لوڈ کر کے فیصل آباد آ رہے تھے کہ جب وہ چک جھمرہ چنیوٹ روڈ پر 103 ج ب برنالہ کے قریب پہنچے تو مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار ٹرک کیساتھ تصادم ہو گیا۔ باپ بیٹا سمیت 3افراد ٹرک کے کیبن میں پھنس گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ٹرک کا کیبن کاٹ کر باہر نکالا تو 10سالہ مسرور احمد ولد صغیر احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں