جڑانوالہ (نامہ نگار) جڑانوالہ میں محکمہ زرا عت حکومت پنجاب کے زیر اہتمام دھان کی فصل میں ممنوعہ زرعی زہروں کے استعمال سے متعلق آگاہی سیمینار میونسپل کمیٹی ہال میں منعقد کیا گیا، جس میں ڈی جی پیسٹ وارننگ پنجاب ڈاکٹر عامر رسول نے خصوصی شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پیسٹ وارننگ پنجاب ڈاکٹر عامر رسول نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،انہوں نے کہا کہ ممنوعہ زرعی زہروں کے استعمال سے نہ صرف فصل کا معیار متاثر ہوتا ہے بلکہ برآمدی منڈیوں میں پاکستانی زرعی اجناس کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے “کسان خوشحال، پنجاب خوشحال” وژن کے تحت کاشتکاروں کو جدید زرعی طریقہ کار اور محفوظ ادویات کے استعمال سے متعلق بھرپور آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر رہنمائی اور جدید زرعی سفارشات پر عمل کرکے دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ڈاکٹر عامر رسول نے سیمینار کے دوران کاشتکاروں کو دھان کی بہتر کاشت، فصل کے تحفظ اور ممنوعہ زہروں سے اجتناب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ زراعت کسانوں کی رہنمائی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔




