فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے زیراہتمام سکیور ٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP)کے اشتراک سے صارفین کے لیے ایک خصوصی آگا ہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس ای سی پی کے ایڈیشنل جوائنٹ رجسٹرار خرم شہزاد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور شرکا کو کارپوریٹائز یشن، لائسنسنگ اور ریگولیٹری اصلاحات کے بارے میں تفصیلی لیکچر دیا۔یہ سیشن فیسکو کے ریجنل ٹریننگ سینٹر(RTC)، فیصل آباد میں منعقد ہوا ۔ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل جوا ئنٹ رجسٹرار ایس ای سی پی خرم شہزاد نے کارپوریٹائزیشن کے بنیادی اصولوں، اس کے فوائد اور اداروں کو پائیدار کارپوریٹ ڈھانچے میں منتقل کرنے کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کارپوریٹائزیشن اداروں میں بہتر انتظامی نظم و نسق، ذمہ داریوں کے تعین اور کاروباری سرگرمیوں کو قانونی و ریگولیٹری فریم ورک کے مطابق استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے لائسنسنگ کے جدید نظام، متعلقہ قانونی و ضابطہ جاتی تقاضوں اور لائسنسنگ کے عمل کو مزید آسان اور موثر بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کی اہمیت پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے لائسنسنگ کے طریقہ کار میں سہولت، شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔خرم شہزاد نے ریگولیٹری اصلاحات کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کاروباری ماحول کو شفاف اور غیر ضروری رکاوٹوں میں کمی لانے اور اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کی اہمیت اجاگر کی۔سیشن کے دوران شرکا کو ان موضوعات کے مختلف عملی پہلوں سے بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ سوال و جواب اور باہمی تبادلہ خیال کے ذریعے شرکا کو متعلقہ امور سمجھنے کا موقع فراہم کیا گیا۔اس موقع پر فیسکو کے کمپنی سیکرٹری مظفر عباس اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ سجاد حیدر اعوان بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمپنی سیکرٹری مظفر عباس نے کہا کہ ایسے آگاہی سیشنز کا انعقادمحکمہ جاتی استعداد کار میں اضافے، صارفین کی معلومات میں بہتری اور متعلقہ قوانین و ضوابط سے آگاہی کے فروغ میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ سیشن کے اختتام پرکمپنی سیکرٹری فیسکو مظفر عباس نے ایس ای سی پی کے ایڈیشنل جوائنٹ رجسٹرار خرم شہزاد کی شرکت اور مفید رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ صارفین اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی آگاہی، تربیت اور ادارہ جاتی بہتری کے لیے مستقبل میں بھی ایسے معلوماتی و تربیتی پروگرامز کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔




