فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایات پر عشرہ محرم الحرام کے جلوسوں کی سائنٹیفک طریقوں سے مانیٹرنگ کے لئے ڈی سی آفس میں محرم کنٹرول روم مکمل فعال ہوگیا ہے جہاں تمام متعلقہ محکموں کے سٹاف کی شفٹس میں ڈیوٹی لگادی گئی ہے۔محرم کنٹرول روم یوم عاشور کی رات تک 24/7فنکشنل رہے گا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصرنے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور سٹاف کی ڈیوٹی پر موجودگی چیک کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹرول روم کی ڈیوٹی ذمہ داری کی متقاضی ہے لہذا معلومات کے تبادلہ میں ایک لمحہ کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے چوکس انداز میں ڈیوٹی کی ہدایت کی اور کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ہر زاویہ سے مانیٹرنگ کی جائے جبکہ انتظامات کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کو بھی مدنظر رکھیں تاکہ سامنے آنے والی معمولی سی بھی کمی کو فی الفور دور کیا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے کنٹرول روم میں مانیٹرنگ سسٹم اور انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مدثر ممتاز،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو مکمل رابطہ اور کوآرڈینیشن برقرار رکھنے کی تاکید کی۔




