جماعت اسلامی ایک نظریاتی،دعوتی اور عوامی خدمت کی تحریک ہے ،میاں طاہر ایوب

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے نومنتخب ضلعی امیرمیاں طاہرایوب نے ضلعی سیکرٹریٹ چنیوٹ بازار میں ہونے والے ضلعی شوریٰ کے اجلا س میں اپنی ذمہ داری کا حلف اٹھالیا۔ صوبائی امیر جاویدقصوری،سابق ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ،جماعت اسلامی کے ذمہ داران، کارکنان اور معزز شخصیات نے شرکت کی میاں طاہر ایوب نے امارت کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد اپنے عہد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ایک نظریاتی، دعوتی اور عوامی خدمت کی تحریک ہے، جس کا مقصد ملک میں قرآن و سنت کی روشنی میں عادلانہ نظام کا قیام اور عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہے۔ ارکان جماعت اور قیادت نے ان پرجو اعتمادکیاہے،اس پرپورااتریں گے۔آنے والے بلدیاتی وقومی انتخابات میں فیصل آباد کو جماعت اسلامی کا شہر بنانے کیلئے بھرپورجدوجہدکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امارت ایک منصب نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری اور امانت ہے، جسے اللہ تعالی کی رضا، اخلاص اور مشاورت کے ساتھ ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔ جماعت اسلامی معاشرے کے محروم، مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی آواز بنتی رہے گی اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر جاویدقصوری نے کہاکہ لیوی بھتہ کے خاتمہ کیلئے حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری ہے، جماعت اسلامی کا پیٹرولیم لیوی کے خاتمہ کا مطالبہ اور متبادل تجاویز قومی معیشت کو بحرانوں سے نکالنے کا لائحہ عمل ہے۔جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں عوام میں شعور بیدار ہوا ہے۔ لیوی پر عوامی آگاہی سے قبل جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے خلاف احتجاج کیا اور حکومت کو ان سے بات کرنے پر مجبور کیا جس سے قومی خزانہ کو ساڑھے 4 ہزار ارب کا فائدہ ہوا۔اب بھی لیوی بھتہ کے خاتمہ تک تحریک جاری رہے گی۔انہوں نے کہاکہ ملکی مسائل کے حل، ترقی،امن اور خوشحالی کے لئے سیاسی بیداری اور دیانت دار قیادت ضروری ہے، جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکن اقتدار کے ایوانوں میں رہے مگر کسی کے دامن پر بددیانتی،کرپشن اور اقربا پروری کا کوئی داغ نہیں،جماعت اسلامی جیسی جمہوری، اہل اور دیانتدار جماعت ہی دنیا میں ملک کا امیج بہتر کر سکتی ہے،جماعت اسلامی نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہی اس ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں