اسلام آباد (بیورو چیف)وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے جنوبی وزرستان میں آپریشن کے متاثرین میں 117ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔سینٹ میں 2008-2009کے دوران خیبرپختونخوا میں سیکورٹی فورسز کے آپریشنز کے متاثرین کو معاوضہ دینے کے معاملے پر توجہ دلا نوٹس کا جواب دیتے ہو ئے وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا وفاقی حکومت متاثرین کو 65 ارب روپے کے بقایا جات دینے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے متاثرین کیلئے117ارب روپے تقسیم کیے گئے، جنوبی وزیرستان میں گھروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے دوبارہ سروے کرایا گیا، مکمل تباہ ہونیوا لے گھر کیلئے4 لاکھ روپے معاوضہ مقرر کیا گیا تھا۔وزیرمملکت نے بتایا کہ جزوی نقصان والے گھر کے لیے ایک لاکھ 60 ہزار روپے معاوضہ مقرر کیا گیا، متاثرین کے معاوضوں کی تقسیم سے متعلق خصوصی آڈٹ مکمل ہو چکا ہے۔ طلال چوہدری کے مطابق آڈٹ رپورٹ پر ڈیپارٹمنٹل اکانٹس کمیٹی کا ایک اجلاس باقی ہے،سیفران کمیٹی کی اجازت کے بعد وفاقی حکومت بقایا رقم جاری کرنے کو تیار ہے۔




