جواں سالہ لڑکی کے قاتل باپ اور بھائی کو سزائے موت کا حکم

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) لڑکی کو گلا دبا کر قتل کرنے کے کیس میں عدالت نے بھائی اور باپ کو سزائے موت سنادی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 22سالہ لڑکی ماریہ کو گلا دبا کر قتل کرنے کے کیس میں لڑکی کے والد اور بھائی کو عدالت نے سزائے موت سنا دی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ماریہ قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے لڑکی کے والد اور بھائی کو سزائے موت کا حکم دینے کے ساتھ دونوں ملزمان کو 10، 10لاکھ روپے جرمانے کی بھی سزا سنائی۔ عدالت نے ویڈیو بنانے والے مقتولہ کے دوسرے بھائی اور قتل کے وقت موجود مقتولہ کی بھابھی کو بری کر دیا۔ خیال رہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ماریہ کو 17اور 18مارچ 2024کی درمیانی شب گلا دبا کر قتل کردیا گیا تھا، 22سال کی ماریہ کے قتل کے وقت چاروں ملزمان کمرے میں موجود تھے، ماریہ کے بھائی نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر گھر والوں کے سامنے اس کا گلا دبا دیا تھا۔ مقتولہ کے دوسرے بھائی شہباز نے موبائل فون سے واقعے کی ویڈیو بنائی تھی۔ مقتولہ کی بھابھی کا بیان تھا کہ اس کے کمسن بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ قتل کے بعد ماریہ کی خاموشی سے تدفین کردی گئی تھی تاہم واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد پولیس نے ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں