جڑانوالہ (نامہ نگار) پیرا فورس فیصل آباد روڈ اور لاہور روڈ پر قائم دکانوں کے سامنے قائم تجاوزات کو ختم کروانے میں بری طرح ناکام، تجاوزا ت ختم نہ ہونے پر ٹریفک روانی متاثر ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا،بھاری بھر تنخواہوں اور مراعات کے باوجود پیرا فورس قومی خزانے پر بوجھ بن چکی ہے۔عوام الناس کا وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ میں پیرا فورس کی تعیناتی کے باوجود تجاوزات کا خاتمہ ایک سہانا خواب بن چکا ہے پیرا فورس مخصوص بازاروں میں چکر لگا کر افسران بالا کو سب اچھا کی رپورٹ پیش کر رہی ہے جڑانوالہ فیصل آباد روڈ پل جھال تک اور جڑانوالہ لاہور روڈ 240 موڑ چوک تک سڑکوں کی سائیڈوں پر تجاوزات کا خاتمہ نہ ہونے پر ٹریفک روانی میں خلل پیدا ہو رہا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کام شروع ہونے پر مذکورہ روڈ پر ٹریفک ون سائیڈ چل رہی ہے مگر پیرا فورس مذکورہ سڑکوں پر تجاوزات کو ختم کرنے کی بجائے فوٹو سیشن تک محدود ہو چکی ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ بھاری بھر تنخواہوں مراعات کے باوجود پیرا فورس تجاوزات ختم کروانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور قومی خزانے پر بوجھ بن چکی ہے جبکہ پیرا فورس کی جانب سے مبینہ طور پر شہریوں کو حراساں کرنے کی بھی شکایات سامنے آ رہی ہے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پیرا فورس مبینہ طور پر شہریوں کو اپنے دفتر میں کئی کئی گھنٹے تک محبوس بنا کر رکھتی ہے پیرا فورس کا یہ اقدام پنجاب حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ پیرا فورس شہریوں کو مبینہ طور پر حراساں کرنے کی بجائے جڑانوالہ فیصل آباد روڈ اور جڑانوالہ لاہور روڈ پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنانے تاکہ ٹریفک روانی میں درپیش مسائل کا حل نکل سکے عوام الناس نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے اس گھمبیر صورتحال کا فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔




