جڑانوالہ میں غیر قانونی مویشی باڑوں کیخلاف آپریشن

جڑانوالہ(نامہ نگار) جڑانوالہ اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ نے پیرا فورس اور میونسپل کمیٹی کے عملے کے ہمراہ شہری حدود میں قائم غیر قانونی مویشی باڑوں کے خلاف بھرپور آپریشن کرتے ہوئے متعدد بھاڑوں کو سیل کر دیا اور کارروائی کے دوران شہری حدود میں موجود جانوروں کو بھی ضبط کرکے میونسپل کمیٹی کے پھاٹک میں منتقل کیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق شہر میں جاری ساڑھے چار ارب روپے مالیت کے میگا سیوریج منصوبے اور شہر کی خوبصورتی کے لیے ٹف ٹائلز پراجیکٹ کی تکمیل میں رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ نے مویشی مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے جانور فوری طور پر میونسپل کمیٹی کی حدود سے باہر منتقل کریں،بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے، جانور بحقِ سرکار ضبط کر لیے جائیں گے جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہر کو صاف، ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لیے انتظامیہ کا ساتھ دیں اور مویشیوں کو شہری حدود سے باہر منتقل کرکے قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں