جھنگ روڈ پر ٹریفک کا المناک حادثہ،خاتون سمیت4افراد جاں بحق،4زخمی

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار شاہد مقرب) جھنگ روڈ پر 74ج ب کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں خاتون سمیت4مسافر جاں بحق’4 بری طرح زخمی ہو گئے حادثہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آوازیں دور دور تک سنی گئی’ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، بس کا دروازہ کاٹ کر زخمیوں کو باہر نکال کر تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آج علی الصبح نیو خان کمپنی کی بس نمبری LWG-7627مسافروں کو لیکر لیہ سے فیصل آباد آ رہی تھی، جب بس جھنگ روڈ پر 74 ج ب سوہل کے قریب پہنچی تو تیز رفتاری کے باعث ٹینکر نمبری RIN-7688 کو اوورٹیک کرتے ہوئے ٹرالہ سے پیچھے سے ٹکرائی تو اسی دوران بس کا ٹائر برسٹ ہو گیا اور زوردار دھماکہ سے ٹکرانے کے باعث مسافروں کی چیخیں نکل گئیں۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122′ پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئیں اور بس کا دروازہ کاٹ کر مسافروں کو باہر نکالا تو اسی دوران 65سالہ نامعلوم خاتون’ 45سالہ محمد بوٹا ولد محمد فیروز سکنہ شیخوپورہ اور 19سالہ تنویر ولد سعید سکنہ مظفرگڑھ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 40سالہ شفاقت ولد اسماعیل سکنہ شیخوپورہ’ 45سالہ ریاض ولد یوسف سکنہ شیخوپورہ’ 30سالہ قیصر علی ولد سراج دین سکنہ جھنگ’ 50سالہ رشید ولد قدیر بیگ سکنہ عبداﷲ پور شدید زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں سول ہسپتال داخل کروا دیا گیا جبکہ متعدد مسافروں کو مرہم پٹی کے بعد فارغ کر دیا، بس کا اگلا حصہ بھی بری طرح تباہ ہو گیا۔ جبکہ شیخوپورہ کا رہائشی 40سالہ شفاقت ولد اسماعیل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ جبکہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والی خاتون مسافر کی شناخت نہ ہونے پر نعش شعبہ حادثات میں رکھوا کر لواحقین کی تلاش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں