گلگت(نامہ نگار) گلگت بلتستان میں انتخابی دنگل سج گیا، 24نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے جن کیلئے مجموعی طور پر 403امیدوار میدان میں ہیں۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق پولنگ کا آغاز 8 بجے ہوگیا جو کہ بغیر کسی وقفے کے شام 5بجے تک جاری رہے گی۔مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے 23، مسلم لیگ (ن) کے 22 امیدوار میدان میں ہیں، جمعیت علمائے اسلام کے 9، اسلامی تحریک پاکستان کے 10، مجلس وحدت المسلمین کے 7، استحکام پاکستان پارٹی کے 15 امیدوار ہیں۔اس کے علاوہ پاکستان نظریاتی پارٹی کے 10 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔اعدادو شمار کے مطابق الیکشن میں 9 لاکھ 58 ہزار 480 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، مرد ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 3 ہزار 772 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 55 ہزار 708 ہے۔الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ انتخابات کیلئے قائم 1391 پولنگ سٹیشن میں سے 349 پولنگ سٹیشن حساس اور 551 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں، انتخابات کیلئے گلگت بلتستان میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، 17 ہزار 500 پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور شفاف، آزادانہ و پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے تاکہ عوام بلا خوف و خطر اپنا جمہوری حق استعمال کر سکیں۔چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی ہدایت پر الیکشنز ایکٹ 2017 کے تحت پولنگ اسٹیشنز کے اندر موبائل فون اور تصاویر یا ویڈیوز ریکارڈ کرنے والے کسی بھی آلے کو ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے بلاتعطل جاری ہے، گلگت کے عوام علاقے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں، عوام پرامن طریقے سے انتخابی عمل کو انجام تک پہنچائیں۔ان کا کہنا تھا کہ مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا، عوام پرجوش ہیں، لیڈیزپولنگ سٹیشنز پر خواتین کی بڑی تعداد ووٹ کاسٹ کرنے آ رہی ہے۔راجہ شہباز خان نے مزید کہا کہ عوام کے لئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔




