اسلام آباد (بیوروچیف) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بڑے پیمانے پر بھرتیوں کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے دو الگ کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گریڈ 1سے 10اور گریڈ 11سے 16 تک کی بھرتیوں سے متعلق معاملات الگ الگ کمیٹیاں دیکھیں گی۔گریڈ 11سے 16تک بھرتیوں کے کیسز کا جائزہ لینے کے لیے تین ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔، جس میں چیف مینجمنٹ اور سیکرٹری مینجمنٹ بھرتیوں سے متعلق معاملات دیکھیں گے۔اسی طرح گریڈ 1 سے 10 تک بھرتیوں کے کیسز کا جائزہ لینے کے لیے الگ کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس میں سیکرٹری ایڈمن اور سیکنڈ سیکرٹری مینجمنٹ ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ایف بی آر نے بھرتیوں کے لیے ڈیپارٹمنٹل سلیکشن کمیٹیوں کی تشکیل کی بھی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ فیصلے کے مطابق ہر سلیکشن کمیٹی میں کم از کم ایک خاتون رکن کی شمولیت لازمی ہوگی۔ اگر متعلقہ محکمے میں موزوں خاتون افسر دستیاب نہ ہوئی تو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن خاتون رکن نامزد کرے گا۔




