فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حالات کے ستائے نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ شہری کے گھر سے 72لاکھ کے زیورات’ نقدی’ قیمتی سامان چوری’ قاتلانہ حملوں میں مخالفین کی گولیوں کا نشانہ بن کر 4افراد لہولہان ہو گئے’ چالاک افراد کا 4شہریوں کیساتھ سوا کروڑ کا فراڈ’ پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق بھوآنہ کا 29سالہ نوجوان کاشف ولد جان محمد کچھ عرصہ سے معاشی حالات کی وجہ سے پریشان تھا جسکے باعث گھر میں اکثر جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز اس کا کسی بات پر گھر والوں سے جھگڑا ہوا تو اس نے دل برداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں۔ اہل خانہ تشویشناک حالت میں ہسپتال لائے جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ مدینہ ٹائون کے علاقہ رسول پارک کے رہائشی یٰسین کے گھر کے تالے توڑ کر 72لاکھ سے زائد مالیت کے زیورات’ نقدی اور قیمتی سامان چور لے اُڑے جبکہ ٹھیکری والا کے علاقہ 74ج ب میں معمولی جھگڑے پر مشتعل ملزمان عارف وغیرہ نے مخالف عبدالخالق’ روڈالہ روڈ کے علاقہ 275 گ ب میں پرانی دشمنی کی بناء پر مشتعل ملزمان ارشد وغیرہ نے صدیق اور تاندلیانوالہ کے علاقہ 598 گ ب میں عداوت کی بناء پر ملزمان نے امجد اسلام اور نذیر کالونی میں مخالفین نے اظہر حسین کو گولیاں مار کر بری طرح لہولہان کر کے فرار ہو گئے۔ مضروبان کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ علاوہ ازیں کارخانہ بازار کے احمد سبحان نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم شفیق نے کاروبار کیلئے 55لاکھ کی رقم لیکر ہڑپ کر لی۔ غلام محمد آباد کے نوید نے بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم احمد نے 28لاکھ’ سبزی منڈی کے آڑھتی عبداﷲ نے پولیس کو دی جانے والی درخواست میں بتایا کہ ملزم اسلم نے 25لاکھ کا مال لیکر رقم ادا نہ کی۔ اڈا کھدر والا کے عثمان نے پولیس رپورٹ میں بایا کہ ملزم عامر نے کاروبار کیلئے 35لاکھ کی رقم لیکر منافع دیا نہ رقم واپس کی۔ مطالبہ کرنے پر چیک دیا جو کہ بوگس نکلے، پولیس مصروف تفتیش ہے۔




