فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حالات کے سائے نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ ٹریفک حادثہ میں خاتون جاں بحق’ نامعلوم شخص کی نعش برآمد’ مسلح افراد کی فائرنگ سے نوجوان لہولہان’ چالاک ملزمان کا چار شہریوں کیساتھ ڈیڑھ کروڑ کا فراڈ’ پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق مرضی پورہ کے رہائشی 30سالہ شہزاد ولد شہباز معاشی حالات سے تنگ تھا جس کے باعث گھر میں اکثر جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز کسی بات پر گھر والوں سے جھگڑا ہوا تو اس نے دل برداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لیں، تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ کھرڑیانوالہ کے علاقہ شیریں والا کے قریب سڑک عبور کرتے نامعلوم گاڑی کی ٹکر لگنے سے 40سالہ خاتون زندگی کی بازی ہار گئی، حادثہ کا مرتکب ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا، پولیس نے شناخت نہ ہونے پر نعش کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ جڑانوالہ کے علاقہ جناح سٹیڈیم کے قریب نامعلوم شخص کی نعش برآمد جس کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے لواحقین کی تلاش شروع کر دی۔ مدینہ ٹائون کے علاقہ نعمت کالونی میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے عثمان سعید کو بری طرح زخمی کر دیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں سمن آباد کے احمد وسیم نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم علی نے کاروبار کیلئے 50لاکھ کی رقم لیکر ہڑپ کر لی’ ملت روڈ کے رہائشی ابوہریرہ نے سرگودھا روڈ پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ ملزم علوی نے ساڑھے 35لاکھ کی رقم ادھار لیکر بدلے میں چیک دیا جو کہ بنک سے کیش نہ ہو سکا۔ سول لائن پولیس کو درخواست گزارتے غلام مصطفی کا کہنا ہے کہ ملزم راشد نے 25لاکھ کا مال لیکر بدلے میں چیک دیا جو کہ جعلی نکلا۔ چنیوٹ بازار کے شہباز احمد نے پولیس کو دی جانے والی درخواست میں بتایا کہ ملزم سمیع اﷲ نے 15لاکھ اور سول لائن پولیس کو متاثرہ شہری ذیشان نے بتایا کہ ملزم عامر لاکھوں روپے لیکر رفوچکر ہو گیا۔ پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔




