فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہادت حضرت سیدنا عمر فاروق سیمینار ختم نبوت اسلامک ریسرچ سینٹر فیصل آباد میں منعقد ہوا۔حضرت عمر فاروق کا دور خلافت عدل و انصاف، رواداری اور مثالی حکمرانی کا سنہرا باب ہے۔ آپ نے دنیا کو ایسا نظام عدل دیا جس کی نظیر انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔ آپ کی فضیلت اور مناقب قرآن و حدیث میں موجود ہیں۔آپ کا اسو ہ حسنہ حکمرانو ں اور عوام کیلئے مشعل راہ ہے۔ مقررین نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یقین دلایا کہ ملک میں امن و امان قائم رکھنے اور محرم الحرام کے دوران بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے علما اپنا کردار ادا کریں گے اور متفقہ قومی بیانیہ پیغام پاکستان کی روشنی میں مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھی جائے گی اور فضائل صحابہ اور اہل بیت بیان کی جائے گی۔ سیمینار میں فاضل مدینہ یونیورسٹی ڈاکٹر قاری محمد یعقوب شیخ چیئرمین رابطہ علما و مشائخ پاکستان، چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی،صاحبزادہ پیر جی خالد محمود قاسمی، مولانا یوسف فاروقی، حافظ مقبول احمد، علامہ طاہر الحسن، علامہ ریاض کھرل، الحاج نصیر وہرہ، علامہ حفیظ الرحمن کشمیری، حافظ خبیب حمید،راجہ سلیم عابد، مولانا محمداعظم فاروق، مولانا عابد فاروقی، مولانا نعیم طلحہ، صاحبزادہ حسین احمد قاسمی و دیگر علما و مشائخ نے خطاب کیا۔ قاری محمد یعقوب شیخ چیئرمین رابطہ علما و مشائخ پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرام، ازواج مطہرات اور اہل بیت کے تقدس کو ملحوظ رکھنا ہم سب کا دینی، اخلاقی، ایمانی فریضہ ہے۔چیئرمین مرکزی علما کونسل پاکستان صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی سربلندی اور فتوحات میں سیدنا عمر فاروق کا کردار کلیدی ہے۔ آپ کی شجاعت، تقوی اور عدل فاروقی آج بھی دنیا کیلئے امن کا گہوارہ بننے کا واحد راستہ ہے۔ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں قربانی، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔




