ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب پر حوثی حملے مسلسل جاری ہیں جہاں نجران شہر میں داغا گیا میزائل سکول سے ٹکرا گیا۔سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حوثی ملیشیا کے حملے سے سکول کی عمارت کو نقصان پہنچا، تاہم اس میزائل حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواسعودی فوجی اتحاد کے مطابق خمیس مشیط کی جانب حوثیوں کے میزائل حملے کی کو شش ناکام بنا دی گئی، جنوبی شہر خمیس مشیط کی طرف داغے گئے 3 بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی تباہ کر دیا گیا۔دریں ثناء ۔صنعا (مانیٹرنگ ڈیسک) عرب میڈیا پر دعوی کیا جا رہا ہے کہ یمن بھر میں حکومتی افواج اور حوثی جنگجوں کے درمیان لڑائی شدت اختیار کر گئی ہے۔دی نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعا اور تیسرے بڑے شہر تعز میں شدید لڑائی اور فضائی حملوں کے بعد ملک میں ایک بار پھر بھرپور جنگ چھڑنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔یمنی سرکاری افواج کے مطابق گزشتہ روز تعز کے اطراف کئی محاذوں پر شدید جھڑپیں ہوئیں جبکہ حوثی جنگجوں نے 3 دیہات پر قبضہ کر لیا۔حوثی گروپ کے زیرِ انتظام ٹی وی کے مطابق صنعا اور تعز سمیت کم از کم 3 صوبوں پر فضائی حملے کیے گئے جن کا الزام سعودی قیادت میں قائم اتحاد پر عائد کیا گیا۔یمنی حکومت کی حامی افواج کے ترجمان نے صنعا میں اہم اہداف کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق یمنی مسلح افواج کا دعوی ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 474 حملوں میں 1,540 حوثی جنگجو ہلاک یا زخمی ہوئے جبکہ سعودی قیادت میں اتحاد نے جنوبی سعودی عرب کی جانب داغے گئے 3 بیلسٹک میزائل روک لیے۔دوسری جانب عالمی ادار صحت کے مطابق یمن میں گزشتہ ماہ سے دوبارہ شروع ہونے والی لڑائی میں 800 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ ہزاروں زخمی یا بے گھر ہو چکے ہیں۔




