فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریاست زور زبردستی جبر کے ذریعے عوام کے مسائل کو دبانے کی بجائے انکوحل کرنے کیلئے اقدامات کرے ۔ طاقت کا ایسا استعمال جس سے بیگناہ لوگوں کاخون بہے کسی بھی صورت نہیں ہوناچاہیے۔حکومت آزاد کشمیر کے غلط فیصلوں نے حالات کو زیادہ خراب کیا ہے،عوامی ا یکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے ۔ پاکستان فلاح پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سیدآفتاب عظیم بخاری ،چوہدری ضمیر گجر صدرپنجاب شمالی ، میاں راشد حفیظ ،محمد رفیق لودھی ودیگر ذمہ داران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں حالیہ احتجاج، افراتفری اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر جتنا بھی افسوس کیا جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مذاکرات میں کئے گئے وعدوں پر بروقت عمل درآمد کراتی تو آج مہاجرین کی نشستوں کے خاتمے جیسے مطالبات حل ہوچکے ہوتے۔ انہوں نے حکومت آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس فیصلے پر فوری نظرثانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ عوامی جذبات اور مطالبات کی نمائندہ قوت ہے، اس لیے عوامی آواز کو کالعدم قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے ایکشن کمیٹی پر بھی زور دیا کہ وہ اس حقیقت کو مدنظر رکھے کہ مہاجرین کی نشستوں کے مکمل خاتمے سے بھارت کے موقف کو تقویت مل سکتی ہے اور کشمیر کاز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔




