فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فیصل آباد میں میت منتقلی سروس کا آغاز کر دیا گیا’ پہلے مرحلے میں فیصل آباد کو 6ایمبولینسز فراہم کی گئی ہیں جن میں سے 2 فیصل آباد شہر اور چار تحصیل جڑانوالہ’ سمندری’ تاندلیانوالہ اور چک جھمرہ میں کام کرینگی۔ ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی وچیئرمین کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ چوہدری عارف محمود گل نے ریسکیو1122 کے سنٹرل اسٹیشن عبدالرشید غازی چوک (سابق جی ٹی ایس چوک) میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ اور دیگر نے شرکت کی۔ چوہدری عارف محمود گل نے کہا کہ حکومت پنجاب کی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور فلاح وبہبود اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے میت منتقلی سروس کا آغاز قابل تحسین ہے اور مذکورہ سروس خصوصاً ایسے خاندانوں کیلئے معاون ثابت ہو گی جو کہ مالی مشکلات کے باعث میت منتقلی میں دشواری کا سامنا کرتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے کہا کہ ریسکیو1122 کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں سے میت منتقلی سروس مفت ہو گی۔ کسی بھی شہری کو میت منتقلی کیلئے کوئی فیس ادا نہیں کرنا پڑے گی۔ ریسکیو1122 کا تربیت یافتہ عملہ میت کو مکمل احترام کیساتھ گھر یا مطلوبہ مقام پر منتقل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اس سروس کا مقصد غم کی گھڑی میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور مال بوجھ میں کمی لانا ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے سروس کا معائنہ کیا اور حکومت کے اس عوامی اقدام کو سراہا۔




