اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے پولیس کو ایک ماہ میں کرپشن فری کرنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے نمائندوں کاویڈیو لنک اجلاس ہوا،اجلاس میں ایکسل لوڈ،ایس آراو،موٹرویز پرگاڑیوں کے مسائل اور دیگر امورپرتفصیلی بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موٹرویز اورشاہراہوں کے تحفظ کے لیے ٹرانسپورٹرزکوتعاون کرنا چاہیے،گڈز ٹرانسپورٹ کے جائزمطالبات فوری مانے جائیں گے،مزدا ایسوسی ایشن اور دس ویلرز کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایکسل لوڈپالیسی پر آج ہی سے عملدرآمد ہوگا اور ایک بھی اوورلوڈڈ گاڑی کو موٹروے پر نہیں آنے دیا جائیگا، خوشی ہے ٹرانسپورٹ مالکان ایکسل لوڈ پالیسی سے متفق ہیں،نیت درست ہو تو ہرمسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ وفاقی وزیرمواصلات نے موٹروے پولیس کو ایک ماہ میں کرپشن فری کرنے کااعلان کرتے ہوئے آئی جی موٹرویزکو ہدایت کی کہ رشوت اورکرپشن کرنے والا ایک اہلکار بھی باقی نہ بچے،بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کی صرف برطرفی نہیں بلکہ ان کے خلاف مقدمات بھی درج ہوں گے۔ عبدالعلیم خان نے گڈزٹرانسپورٹرزکو انتہائی اقدام کی طرف نہ جانے اورملکی مفاد کو مدنظر رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا،جب تک آپس میں بیٹھ کر بات نہیں کریں گے،معاملہ آگے کیسے بڑھے گا؟، وفاقی وزیر نے ٹرانسپورٹرز کو سوموار کو اسلام آباد بلا لیا۔




