اسلام آباد(بیوروچیف) حکومت نے تعمیراتی شعبے کی ترقی اور اصلاحات کے لیے کنسٹرکشن انڈسٹری ڈیولپمنٹ بورڈ کے قیام اور الگ کنسٹرکشن ڈیولپمنٹ بینک بنانے کی تجاویز پر غور شروع کردیا۔وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرصدارت قومی تعمیراتی شعبے میں اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیر مملکت خزانہ، سیکرٹری ہاسنگ، ایم ڈی پیپرا، کنسٹرکشن ایسوسی ایشن آف پاکستان اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں تعمیراتی شعبے کے لیے جامع ڈیولپمنٹ پیکیج پر غور کیا گیا، جبکہ درآمدی و برآمدی پالیسیوں کو معقول بنانے اور ٹیکس اصلاحات کے اقدامات کا فیصلہ بھی کیا گیا۔احد چیمہ نے بتایا کہ مجوزہ کنسٹرکشن انڈسٹری ڈیولپمنٹ بورڈ شعبے کی ترقی اور ریگولیٹری نگرانی کا دوہرا کردار ادا کریگا، بورڈ میں سرکاری اور نجی شعبے کے نمائند ے شامل ہوں گے اور اس کا مقصد تعمیراتی معیار کو بین الاقوامی سطح پر لانا ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق سی آئی ڈی بی کے قیام پر حکومت اور کنسٹرکشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کے درمیان مکمل اتفاق رائے موجود ہے، بورڈ کے قیام کا فریم ورک باضابطہ منظوری کے لیے جلد وزیراعظم کو پیش کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ ترقیاتی پیکیج سے تعمیراتی شعبے کو درپیش مالیاتی اور پالیسی رکاوٹیں دور ہوں گی، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی فروغ ملے گا، سرکاری منصوبوں کی ڈیفیکٹ لائیبیلٹی پیریڈ جلد ایک سال سے بڑھا کر تین سال کی جائے گی، جبکہ مستقبل میں اسے پانچ سال تک بڑھانے کا واضح روڈ میپ بھی موجود ہے۔




