لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی جہاز پر امریکی حملے اور ایران کے جوابی حملے کے خدشات پر عالمی منڈی میں خام تیل قیمت میں 7 فیصد تک اضافہ ہو گیا۔ برطانوی خام تیل کی قیمت میں 5 فیصد اضافہ ہوگیا، 5.13 ڈالر اضافے سے برطانوی خام تیل کی قیمت 95.51 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 7 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 89.80 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ ادھر عالمی مارکیٹ میں گیس کی قیمت تقریبا 2 فیصد اضافے سے 2 ڈالر 71 سینٹس فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی۔ یاد رہے کہ امریکا نے ایرانی بحری جہاز پر قبضہ کرلیا ہے، امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ جہاز اب امریکی تحویل میں ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ امریکا نے ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے ایک ایرانی بحری جہاز کو نشانہ بنا کر اس پر قبضہ کرلیا، امریکی فوج نے ایک ایرانی بحری جہاز کو روکا جو آبنائے ہرمز پر امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کر رہا تھا۔




