خصوصی افراد معاشرے کی بھرپور توجہ کے مستحق ہیں،ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) خصوصی افراد معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، بچوں کا ہاتھ تھام کر انہیں روشن مستقبل کی طرف لے جانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنرمحمد نعمان صدیق نے سپیشل ایجوکیشن میں سماعت سے محروم70بچوں میں ہیئرنگ ایڈز تقسیم کئے۔اس موقع پر مقامی مخیر شخصیت ضیا احمدسمیت چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن رائو عبدالکریم، اسسٹنٹ کمشنرز عادل عمر اور رنگزیب گورایہ، ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن سمیت متعلقہ افسران، سماعت سے محروم بچے اور ان کے والدین نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ ہیئرنگ ایڈز کی بدولت سماعت سے محروم بچے پہلی مرتبہ آوازوں کو سننے کے قابل ہوں گے جو ان کے لئے خوشی اور والدین کے لئے ایک یادگار لمحہ ہے۔ان بچوں کا ہاتھ تھام کر انہیں تعلیم، خود اعتمادی اور روشن مستقبل کی طرف لے جانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں،انہیں سہولیات اور مواقع فراہم کرکے معاشرے کا مفید و فعال حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ سماعت سے محروم بچوں کو ہیئرنگ ایڈز کی فراہمی ان کی تعلیم، شخصیت سازی اور روشن مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ڈپٹی کمشنر نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی گفتگو اور سپیچ ڈیویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دیں، ان سے زیادہ سے زیادہ بات چیت کریں، انہیں معاشرتی سرگرمیوں میں شامل کریں اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور معاونت فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ مناسب توجہ، تعلیم اور مواقع ملنے کی صورت میں خصوصی بچے نہ صرف اپنی زندگی بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ مستقبل میں معاشرے اور ملک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ خصوصی تعلیم کے بچوں کے روشن مستقبل کے لئے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ اس موقع پر مقامی مخیر شخصیت ضیا احمد نے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی خصوصی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سماعت سے محروم بچوں کو پہلی مرتبہ آواز سننے کے قابل ہوتے دیکھ کر انہیں دلی خوشی اور اطمینان محسوس ہوا۔ہیئرنگ ایڈز کی فراہمی کے موقع پر بچوں اور ان کے والدین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ بعض والدین جذباتی ہو کر آبدیدہ ہوگئے۔ والدین نے بچوں کے لئے اس خصوصی اقدام پر ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق اور مخیر شخصیت ضیا احمد کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں