اسلام آباد(بیوروچیف) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خواتین اور مرد ووٹرز کے درمیان صنفی فرق کم کرنے کے لیے ملک بھر میں خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن مہم تیز کر دی۔الیکشن کمیشن کے مطابق موبائل رجسٹریشن وینز کے ذریعے دور دراز علاقوں سمیت ملک کے 62اضلاع میں خواتین کی رجسٹریشن مہم جاری ہے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ اہل خواتین کو ووٹر فہرستوں میں شامل کرنا ہے۔ذرائع کے مطابق اس خصوصی مہم کے دوران تقریبا 18لاکھ نئی خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ادارے کا ہدف ہر سال خواتین اور مرد ووٹرز کے درمیان موجود صنفی فرق میں ایک فیصد کمی لانا ہے۔




