خواتین کیلئے سرگرمیوں کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے

ساہیوال ( بیورو چیف) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ لیڈیز کلب ساہیوال کی عمارت کا تفصیلی دورہ کیا اور مجوزہ منصوبے کے مختلف امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ لیڈیز کلب ساہیوال کے قیام سے متعلق تمام ضروری پراسس جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام مراحل کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے مربوط انداز میں کام کرنے کی ہدایت بھی کی۔ دورے کے موقع پر میونسپل کارپوریشن کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ بعد ازاں کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے لیڈیز کلب ساہیوال کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی جس میں آرکیٹیکٹ نے مجوزہ لیڈیز کلب کے ڈیزائن، تعمیراتی امور اور منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ لیڈیز کلب کے قیام سے متعلق تمام ضروری پراسس جلد از جلد مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز بلا تاخیر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے ایک جدید اور معیاری لیڈیز کلب کا قیام ساہیوال میں خواتین کو صحت مند تفریح، کھیلوں، سماجی سرگرمیوں اور مثبت مشاغل کے لیے بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کی جانب اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں، ان کے لیے معیاری سہولیات کی فراہمی اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ لیڈیز کلب کے قیام سے خواتین کو ایک ہی چھت تلے کھیلوں، تفریح اور مختلف صحت مند سرگرمیوں کی سہولیات میسر آئیں گی، جس سے خواتین کے لیے ایک مثبت اور باوقار ماحول فراہم ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں