دلہن قتل کیس کی ملزمہ گرفتار

لاہور(بیوروچیف)ولیمے کی تقریب سے واپسی پر فائرنگ کرکے قتل کی جانے والی دلہن صبا ء کے افسوس ناک واقعے کا معاملہ معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے پبلک پراسیکیوشن رانا بلال احمد نے مقتولہ کے گھر جا کر والدین سے ملاقات کی اور افسوس ناک واقعے پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندان کو وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا پیغام پہنچاتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس المناک واقعے پر گہری تشویش رکھتی ہے اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔رانا بلال احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ایسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے موثراقدامات کیے جائیں گے، تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے اور معاشرے میں قانون کی بالادستی کا احساس مضبوط ہو۔یاد رہے کہ ہفتے کے روز ولیمے کی تقریب سے واپسی پر دلہن صبا ء کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد واقعے نے علاقے میں شدید تشویش پیدا کر دی۔ پولیس نے مقدمے کی تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لینا شروع کر رکھا ہے، جبکہ مزید حقائق سامنے لانے اور واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔علاوہ ازیں ولیمہ کے دن دلہن کے قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور ، نامزد ملزمہ گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں