موناکو(مانیٹرنگ ڈیسک) یورپی ملک موناکو دنیا کی مہنگی ترین رہائش گاہوں کا مرکز سمجھا جاتا ہے اور حال ہی میں اس یورپی ریاست میں انتہائی مہنگا اپارٹمنٹ فروخت کر کے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔ سسٹم کیپیٹل منیجمنٹ (جو یوکرین کے امیر ترین شخص ریناٹ اخمیٹوف کی ملکیت ہے) نے لے رینزو عمارت میں موجود ایک شاندار 21کمروں پر مشتمل پینٹ ہاس کو 55کروڑ 40لاکھ ڈالر میں خرید لیا۔دنیا کا یہ مہنگا ترین اپارٹمنٹ پانچ منزلوں پر پھیلا ہوا ہے اور اس کا رقبہ 26ہزار 900مربع فٹ سے بھی زیادہ ہے۔ یہ خصوصی عمارت موناکو کے ساحلِ سمندر کے بالکل کنارے پر واقع ہے، جہاں سے بحیرہ روم کے دلکش مناظر صاف دکھائی دیتے ہیں۔اس پینٹ ہاس میں 21عالی شان کمرے، 8خصوصی پارکنگ اسپیس، بحیرہ روم کے براہِ راست نظاروں والی کئی وسیع ٹیرس، نجی سوئمنگ پول اور جکوزی، پریمیم فرنیچر اور جدید ترین اسمارٹ ہوم آٹومیشن ٹیکنالوجی جیسی پر تعیش سہولیات موجود ہیں۔




